بھارت اور بنگلہ دیش کے تعلقات’’سماپت‘‘،عثمان ہادی کے قتل نے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی

ڈھاکہ(جانو ڈاٹ پی کے)عثمان ہادی کے قتل نے بھارت اور بنگلہ دیش کے تعلقات کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی،دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا،ڈھاکہ میں بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا۔عالمی میڈیا بھی بھارت کی مبینہ شرانگیزی کے سنگین نتائج کا اعتراف کرنے لگا ہے۔جاپانی میڈیا کے مطابق عثمان ہادی کے قتل کے بعد بنگلا دیش اور بھارت کے تعلقات میں شدید بگاڑ پیدا ہو چکا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے نے دو طرفہ تعلقات کو ایک نئے بحران میں دھکیل دیا ہے۔نکئی ایشیا کے مطابق ڈھاکا میں بڑے پیمانے پر احتجاج دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ بھارت مخالف جذبات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت نواز سمجھے جانے والے متعدد میڈیا اداروں کو مشتعل مظاہرین نے نذرِ آتش کر دیا۔نکئی ایشیا کا کہنا ہے کہ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفارت کاروں کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ بھارت نے سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر عارضی طور پر بنگلا دیش کے لیے ویزا خدمات بھی معطل کر دی ہیں۔عالمی تجزیہ کاروں کے مطابق بنگلا دیش میں آئندہ انتخابات تک دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ رہنے کا خدشہ ہے، جبکہ موجودہ صورتحال خطے کے امن و استحکام کیلئے بھی تشویش کا باعث بن رہی ہے۔



