سرگودھا:ٹھیکے کے تنازع پر فائرنگ،2افراد جاں بحق، آئی جی پنجاب کا نوٹس

سرگودھا (نامہ نگار)سردار پور مورو والا نزد ویگووال میں کنٹرول شیڈ کے ٹھیکہ کے تنازعہ پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کے واقعہ میں دونوں مخالف گروپوں کا ایک ایک فرد جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں ایک کی شناخت دانیال کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دوسرے مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ واقعہ ٹھیکہ داری کے تنازعہ پر پیش آیا جہاں تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ شواہد اکٹھے کر کے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او سرگودھا سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او سرگودھا کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر کے اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔



