تھرپارکر کی حفاظتی سڑکیں چور’’کھا‘‘گئے،سندھ سرکار کو کروڑوں کا’’چونا‘‘،عوام نے بھی لاپروائی کی حد کردی

تھرپارکر میں مختلف سڑکوں کی حفاظتی دیواروں کی توڑ پھوڑ،ستون توڑ کر لوہا چوری

مٹھی (رپورٹ: میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر میں مختلف شہروں کو جانے والی سڑکوں پر تعمیر کی گئی حفاظتی دیواریں توڑدی گئیں،ستون گرا کران سےلوہا چوری ہو رہا ہے۔

تھرپارکر کی سڑکوں مٹھی نوکوٹ،مٹھی بدین اور مٹھی اسلام کوٹ کی تھرکول سڑکوں کے قریب تعمیر کی گئی حفاظتی دیواریں توڑ کر اندر سے لوہا نکال کر چوری کرنا معمول بن گیا ہے۔ کافی عرصے سے چور سڑکوں کے اطراف میں لگائے گئے سپورٹ پلرز کو توڑ کر چوری کر رہے ہیں۔ جو حفاظتی دیواریں گرائی جا رہی ہیں اور اندر سے لوہا چوری ہو رہا ہے۔ وہ سڑکوں پر گزرنے والے ہر شخص کو نظر آتی ہیں لیکن کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ شرپسندوں کی جانب اکثر مقامات پر سڑک کے کناروں کو سہارے کے طور پر فراہم کی گئی اینٹیں بھی چور اٹھا کر لے جا رہے ہیں۔ اکثر مقامات پر سڑک کا سہارا ختم ہو گیا ہے جس کی وجہ سے بارش کے موسم میں یہ سڑکیں ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔ ایسے قومی نقصان کے خلاف فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ جانو ڈاٹ پی کے کی سروے کے مطابق تھرکول جانے والی بہترین سڑک کو بھی چوروں نے نہیں بخشا۔ یہ سیفٹی سائیڈ مویشیوں کے سڑک عبور کرنے کی صورت میں حادثات سے بچنے کے لیے بنائے گئے ہیں لیکن عوام بھی ان کی حفاظت میں ناکام رہے ہیں اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ نے ان پر کوئی توجہ دی ہے۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائی گئی یہ حفاظتی دیواریں تباہ ہو رہی ہیں۔ محکمہ روڈ کے بیلدار اور چوکیدار غائب ہیں۔ ان سڑکوں پر دن رات سفر کرنے والے تھرپارکر کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ روڈز کے حکام نے بھی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر توجہ نہیں دی۔حفاظتی دیوار توڑنے اور لوہا چوری کرنے والوں کے خلاف کبھی ایف آئی آر درج نہیں ہوتی۔تھرپارکر کی سیاسی و سماجی جماعتوں نے حکومت سندھ اور خصوصاً محکمہ روڈز کی توجہ اس اہم مسئلے کی طرف مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ روڈ ورکرز اور متعلقہ افسران سے چوری کی تحقیقات کی جائیں۔روڈ سیفٹی کو یقینی بنایا جائے اور قومی مالیاتی نقصان کو روکا جائے اور اعلیٰ افسران کی آشیرباد سے جو لوگ بڑی تنخواہ کے عوض گھر بیٹھے تنخواہیں کما رہے ہیں ان سے بھی پوچھ گچھ کی جائے۔کمشنر میرپورخاص ڈویژن، ڈی آئی جی میرپورخاص ڈویژن، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر، ایس ایس پی تھرپارکر اور محکمہ روڈز کے اعلیٰ افسران اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیں اور غفلت برتنے والے محکمہ روڈز کے اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ تھرپارکر کی سڑکوں پر سفر کرنے والے لوگوں کا سفر محفوظ بنایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button