سرگودھا انسداد پولیو مہم,تیسرے روز 92 فیصد کوریج، 6 لاکھ 55 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے

سرگودہا (جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت ضلع بھر میں جاری قومی انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز ایوننگ جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مہم کے پہلے تین دنوں کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر ، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد گل، محکمہ صحت و ضلعی محکموں ڈبلیو ایچ او و فیلڈ ٹیموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 9 ہزار 266 بچوں کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جس میں سے 6 لاکھ 55 ہزار 5 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ اس طرح مجموعی کوریج 92 فیصد رہی جو ایک تسلی بخش کارکردگی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ تین دنوں کے دوران 94 ہزار 995 نا دستیاب (NA) بچوں میں سے 59 ہزار 97 بچوں کو ٹریس کر کے قطرے پلائے گئے، جبکہ اب بھی 35 ہزار 898 بچے ایسے ہیں جو مختلف وجوہات کی بنا پر رہ گئے ہیں۔ مہم کے دوران 3 ہزار 109 زیرو ڈوز بچوں کی نشاندہی بھی کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہم کا چوتھا اور آخری دن کیچ اپ ڈے کے طور پر منایا جائے گا۔ انہوں نے واضح ہدایات دیں کہ فیلڈ ٹیمیں خصوصی محنت کے ساتھ ایسے تمام بچوں کو تلاش کریں جو اب تک پولیو کے قطرے نہیں پی سکے اور ہر صورت انہیں قطرے پلائے جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹیموں کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے آخری دن انتہائی اہم ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے بھرپور توجہ اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔



