سرگودھا ایئرپورٹس پر مسافروں کو غیر قانونی طور پر روکنے کی خبریں بے بنیاد ہیں،ڈائریکٹر ایف آئی اے

سرگودھا(جانوڈاٹ پی کے)ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون ملک سکندر نے ایئرپورٹس پر مسافروں کو غیر قانونی طور پر روکنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو سراسر بے بنیاد اور فیک قرار دے دیا ہے۔
ایف آئی اے سرگودھا کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک سکندر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایف آئی اے کے حوالے سے غلط اور گمراہ کن اطلاعات پھیلائی جا رہی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن مسافروں کے سفری کاغذات اور دستاویزات مکمل اور کلیئر ہوتی ہیں، انہیں ایئرپورٹس پر کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق چاہے مسافر وزٹ ویزا، اسٹوڈنٹ ویزا یا ورک ویزا پر بیرونِ ملک سفر کر رہے ہوں، ان کے کاغذات کی جانچ پڑتال معمول کے مطابق کی جاتی ہے، تاہم کسی کو بلا وجہ نہیں روکا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ صرف ان افراد کو روکا جاتا ہے جو غیر قانونی طریقے سے بیرونِ ملک جانے کی کوشش کرتے ہیں یا جن کے سفری معاملات مشکوک ہوتے ہیں۔
ملک سکندر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کسی خبر کو شیئر نہ کریں۔ انہوں نے شہریوں کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں سے ہوشیار رہنے، ایف آئی اے سے تعاون کرنے اور ایسے عناصر کو کسی قسم کی رقم ادا نہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ایک سوال کے جواب میں ڈائریکٹر ایف آئی اے نے اس خبر کو بھی فیک قرار دیا کہ ورک ویزا پر بیرونِ ملک جانے والے افراد کو 18ویں گریڈ کے افسر سے تصدیقی سرٹیفکیٹ لینا لازم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی کوئی ہدایت یا قانون موجود نہیں آخر میں انہوں نے عوام کو غیر قانونی طریقوں، ڈنکی لگانے اور بغیر مکمل دستاویزات سفر کرنے سے سختی سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔



