گٹر میں گر کا بچے کی موت اور کتوں کے کاٹنے پر وزیر اعلیٰ برہم،مریم نواز نے ڈپٹی کمشنرز کو کھری کھری سنادیں

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)پنجاب میں شہریوں کی حفاظت و سہولت میں ناکام افسروں کا کڑا اور فیصلہ کن احتساب،تبادلے،باز پرس اور سخت وارننگز دے دی گئیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اہم اجلاس میں نا اہلی پر کھری کھری سنادیں۔لیہ میں گڑھے میں گر کر دو سالہ بچے کی المناک موت پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اے سی لیہ حارث حمید کو میٹنگ میں بیٹھنے کی اجازت نہ دی،فوری تبادلے کا حکم دے دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کھلے مین ہول،کتے کے کاٹنے،خستہ حال انفراسٹرکچر اور قبضہ مافیا کے خلاف انتظامیہ کو فوری ایکشن پر مجبور کر دیا
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز سے تین گھنٹے طویل احتسابی ویڈیو لنک کانفرنس کی۔وزیر اعلی مریم نواز شریف کا مختلف اضلاع کے کمشنرز کی ناموزوں کارکردگی کا سخت نوٹس،کے پی آئیز’ کے معیار پر مکمل جانچ کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف کی پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو انکے سٹاف اور افسروں کے لئے ”کے پی آئیز“ مقررکرنے کی ہدایت۔مین ہول میں گرنے اور کتے کے کاٹنے کے خوفناک واقعات پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
ملتان،حافظ آباد اور بہاولنگر میں واقعات کے تسلسل پر ڈپٹی کمشنرسے باز پرس کی گئی اورغفلت کو بے نقاب کیاگیا۔
ڈپٹی کمشنر لیہ کی بھی افسوسناک واقعہ پر سرزنش کی گئ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ افسوسناک واقعات وقوع پذیر ہونے سے پہلے ہی افسران کو ایکشن لیناچاہئے۔کتے کے کاٹنے کے واقعات کے تدارک کے لئے اقدامات نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے،کھلے مین ہول اور سیوریج کے گڑھوں کی مرمت کیا افسروں کی ذمہ داری نہیں؟۔کسی سیاسی دباؤ کی پروا ہ نہیں کرنی، گڈ گورننس اور شفافیت ہمارا نصب العین ہے



