پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے زیرِ اہتمام سکھر ائیر پورٹ پر فل اسکیل ایمرجنسی ایکسرسائز کا انعقاد

سکھر (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) کے زیرِ اہتمام بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سکھر پر فل اسکیل ایئرپورٹ ایمرجنسی ایکسرسائز “SAFE SKY-2025” منعقد کی گئی، اس موقع پر فائر فائٹنگ و ریسکیو آپریشن کے فرضی مظاہرے میں ایئرسائیڈ مینجمنٹ، پی اے اے کے مختلف ڈپارٹمنٹس کے عملے نے میڈیکل، فائر فائٹنگ و ریسکیو، زخمیوں کی فوری طبی امداد، جبکہ شدید زخمیوں کی بذریعہ ریسکیو 1122 اور ایدھی ایمبولینسز اسپتال روانگی سرگرمیوں کا مظاہرہ کیا گیا۔ فل اسکیل آپریشن میں پی آئی اے، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، ریسکیو 1122، ایدھی، سول اسپتال، سکھر بلڈ بنک اسپتال، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، سندھ پولس، ٹریفک پولس و دیگر نے حصہ لیا، اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران اور میڈیا نمائندگان نے فرضی آپریشن کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے تقریب اور فرضی مظاہرے میں بطور مہمان خصوصی، جبکہ کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔ تقریب اور فرضی مظاہرے میں میڈیا بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ سکھر اور گرد و نواح کے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ جلد بی این بی سکھر ایئرپورٹ بین الاقوامی ایئرپورٹ بننے جا رہا ہے، جس سے یہ آسانی میسر ہوگی کہ بیرون ممالک جانے کے لیے لوگوں کو کراچی ایئرپورٹ جانا نہیں پڑے گا، اور وہ براہ راست بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سکھر سے استفادہ حاصل کر سکیں گے، مسافر سکھر سے ہی براہ راست عمرے اور حج کے لیے سعودیہ روانگی اور وطن واپسی کر سکیں گے۔
کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے پیشگی طور تیار رہنا نہایت ضروری ہوتا ہے، ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے یہ فرضی آپریشن یقیناً اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف محکموں کا اس فرضی آپریشن میں حصہ لینے کا عمل دیکھ کر اچھا لگا، کیونکہ متعین کردہ مقاصد کے حصول کے لیے تمام محکموں کی آپس میں بہتر کوآرڈینیشن سے اچھے نتائج اخذ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوران سفر مسافروں کا مجوزہ ایس او پیز کو فالو کرنا بھی ضروری ہے۔
اس موقع پر بی این بی ایئرپورٹ سکھر مینیجر سعید عباسی نے بتایا کہ سکھر ایئرپورٹ پر فل اسکیل آپریشن ہر دو سال بعد منعقد کیا جاتا ہے، اور فرضی آپریشن کا مقصد مشینری، اپنے عملے کی صلاحیتوں کو چانچنا اور ایمرجنسی کے پیش نظر پیشگی طور پر تیار رہنا ہے۔شرکاء نے متعلقہ اداروں کی فائر فائٹنگ، ریسکیو و میڈیکل سروسز کی عمدہ کارگردگی کو سراہا۔



