چالان سے بچنے کیلئے جعلی نمبر پلیٹس کا استعمال، پولیس کا محکمہ ایکسائز کے ہمراہ 19 دسمبر سے کارروائی کا اعلان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی پولیس چیف جاویدعالم اوڈھو کا کہنا ہے اطلاعات ہیں کہ چالان سے بچنے کے لیے جعلی نمبر پلیٹس کا استعمال شروع ہو گیا ہے، شہر میں جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم شروع کرنے جا رہے ہیں۔
سی پی ایل سی چیف اور ڈی آئی جی ٹریفک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف جاوید عالم نے کہا کہ جب سے ای چالان شروع ہوئے ہیں ٹریفک کے نظام میں بہتری آئی ہے اور اب تک تقریباً ایک لاکھ چالان ہو چکے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ چالان سے بچنے کے لیے جعلی نمبر پلیٹ کا استعمال شروع ہوگیاہے، جعلی نمبر پلیٹس کے استعمال کے خلاف 19 دسمبر سے بڑی مہم شروع کرنے جا رہے ہیں، اس مہم میں محکمہ ایکسائز بھی ہمارے ساتھ ہوگا۔
ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم نے کہا کہ اہم شاہراہوں پر ایکسائز کا عملہ تعینات ہوگا، ٹیمپرڈ نمبرپلیٹ پرگاڑی بھی بند ہوگی اور مقدمہ بھی درج ہوگا۔



