انسداد پولیو مہم، ڈی سی اور ایس ایس پی کا معائنہ ،کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے، ڈی سی تھرپارکر

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر اور ایس ایس پی تھرپارکر نے تحصیل ڈیپلو اور کلوئی کا دورہ کیا اور پولیو مہم کے جاری کام اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی، ایس ایس پی تھرپارکر محمد شعیب میمن اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے تحصیل ڈیپلو اور کلوئی کے مختلف دیہات کا دورہ کرکے پولیو مہم کے جاری کام کے ساتھ سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے ڈیپلو اور کلوئی کی تحصیل ہسپتالوں سمیت گاؤں سرو، دونهائی، پولیس چیک پوسٹ علی بندر، گاؤں گاہ خرچ، پولیس چیک پوسٹ ونگو، کالوئی شہر اور دیگر مقامات کا دورہ کیا اور پولیو مہم کے جاری کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر اور ایس ایس پی تھرپارکر نے پولیو ورکرز سے ملاقات کی اور پولیو مہم کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے پولیو ورکرز کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کا کام دیانتداری سے انجام دیا جائے، اگر کسی قسم کا مسئلہ درپیش ہو تو فوری طور پر اطلاع دی جائے تاکہ اسے حل کیا جا سکے۔ پولیو مہم کے دوران ضلعی انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پولیو مہم کے دوران کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا کی گئی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیو مہم کے دوران ضلع تھرپارکر کے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو ذمہ داری کے ساتھ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔ پولیو مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ معصوم بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ضلع تھرپارکر پولیو فری ضلع ہے اور اسے برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔



