آرمی پبلک اسکول پشاور المناک سانحہ کی یاد میں مٹھی میں دعائیہ تقریب

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) گورنمنٹ ہائی اسکول مٹھی میں آج 16 دسمبر کو آرمی پبلک اسکول پشاور کے المناک سانحے کی یاد میں ایک پُراثر دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر اسکول کے اساتذہ، طلبہ اور معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شہدائے آرمی پبلک اسکول پشاور کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب کی صدارت سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی اسکول مٹھی غلام محمد محمدانی نے کی، جبکہ جیتیش راٹھی جنرل سیکریٹری گسٹا تھرپارکر، کمل شیوانی، بھیشم کوٹھاری اور دیگر معزز اساتذہ و شخصیات بھی موجود تھیں۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ 16 دسمبر 2014ء کو پیش آنے والا آرمی پبلک اسکول پشاور کا سانحہ پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ اور نہایت دل دہلا دینے والا باب ہے، جس نے پوری قوم کو سوگ میں مبتلا کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس بزدلانہ حملے میں معصوم بچوں، اساتذہ اور پاک فوج کے جوانوں کی شہادت نے پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ یہ سانحہ نہ صرف تعلیمی اداروں پر حملہ تھا بلکہ علم، انسانیت اور امن کے خلاف ایک کھلی جارحیت تھی۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم کے یہ عظیم شہداء ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے اور ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔

تقریب میں اس بات پر زور دیا گیا کہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء نے ہمیں اتحاد، استقامت اور دہشت گردی کے خلاف مضبوط عزم کا پیغام دیا، اور یہی قربانیاں پاکستان میں امن کے قیام اور شدت پسندی کے خاتمے کی بنیاد بنیں۔ مقررین نے کہا کہ قوم آج بھی اس عہد کی تجدید کرتی ہے کہ دہشت گردی کو اس کی ہر شکل میں مسترد کیا جائے گا۔

آخر میں مولوی دریا خان سمیجو نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور میں شہید ہونے والے معصوم بچوں، اساتذہ اور دیگر شہداء کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ دعا میں اللہ تعالیٰ سے التجا کی گئی کہ وہ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ تقریب کا اختتام قومی یکجہتی اور شہداء کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔

مزید خبریں

Back to top button