پیپلز  پارٹی سانحہ اے پی ایس کے شہداء کے خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دسمبر کی 16 تاریخ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ دہشت گردی کا نہ کوئی مذہب ہے، نہ انسانیت سے تعلق اور نہ ہی کوئی جواز ہے۔ دہشتگردی کے خلاف ہمارا جواب ہمیشہ اتحاد، انصاف اور اپنے بچوں کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم پر مبنی ہونا چاہیے۔

سانحہِ آرمی پبلک اسکول پشاور کو 11 سال مکمل ہونے کے موقع پر پیغام میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ اے پی ایس کے  شہید ہونے والے معصوم طلبہ اور اساتذہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اے پی ایس کا سانحہ قوم کے ضمیر پر  ایک مندمل نہ ہونے والا زخم  ہے۔سانحہ اے پی ایس ایک ایسا اجتماعی غم ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کو نئی قوت بخشی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں امن، تعلیم اور قانون کی حکمرانی کے  لیے پرعزم ہے۔ پیپلز  پارٹی سانحہ اے پی ایس کے شہداء کے خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم  ایک ایسے پاکستان  کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے جہاں ہر بچہ بغیر خوف کے سیکھ سکے۔ایک ایسا پاکستان  جہاں ہر بچہ  آگے بڑھ سکے اور خواب دیکھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ  ہم اے پی ایس کے شہداء کو انتہائی عقیدت کے ساتھ سلام پیش کرتے ہیں۔ شہداء سانحی اے پی ایس کی عظیم قربانی ہمیشہ ہمیں ایک محفوظ، مضبوط اور پُرامن پاکستان کی راہ دکھاتی رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button