سہیل آفریدی کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا اچانک دورہ، شہریوں کی شکایات پر نوٹس

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا رات گئے اچانک دورہ کیا جہاں شہریوں نے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں مریض رلتے رہتے ہیں جبکہ انتظامیہ اور عملہ دورانِ ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال میں مصروف رہتا ہے جس کے باعث علاج معالجے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد ہسپتال انتظامیہ، سرکاری سکول اساتذہ اور تمام سرکاری ملازمین دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال نہیں کریں گے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی ڈاکٹر یا عملے کو ڈیوٹی کے دوران موبائل استعمال کرتے دیکھیں تو اس کی ویڈیو بنا کر بھیجیں تاکہ فوری کارروائی کی جائے، آپ شکایت بھیجیں باقی کام میرا ہے، ہم شکایت سیل کو فعال بنانے جا رہے ہیں تاکہ عوام کی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

مزید برآں انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی سخت ہدایات بھی جاری کیں۔

مزید خبریں

Back to top button