سری لنکا کے ورلڈ کپ فاتح کپتان ارجنا راناٹنگا کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

کولمبو(مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا میں 1996 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے فاتح کپتان اور سابق وزیرِ پٹرولیم ارجنا راناٹنگا کو بدعنوانی کے الزامات میں گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جب کہ عدالت کو بتایا گیا ہے کہ وہ اس وقت بیرونِ ملک ہیں اور واپسی پر انہیں حراست میں لیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکن حکام نے پیر کو ایک عدالت کو بتایا کہ سابق سری لنکن کپتان ارجنا راناٹنگا کے خلاف کرپشن کے مقدمے میں گرفتاری کی تیاری کی جا رہی ہے۔ یہ الزامات ان کے وزارتِ پٹرولیم کے دور سے متعلق ہیں۔
بدعنوانی پر نظر رکھنے والے ادارے کمیشن ٹو انویسٹی گیٹ الیگیشنز آف برائبری یا کرپشن کے مطابق ارجنا راناٹنگا اور ان کے بھائی پر الزام ہے کہ انہوں نے طویل المدتی تیل کی خریداری کے معاہدوں کے طریقۂ کار میں تبدیلی کی اور مہنگی قیمت پر اسپاٹ خریداری کی۔
کمیشن کے مطابق 2017 میں کیے گئے 27 سودوں سے ریاست کو مجموعی طور پر 800 ملین سری لنکن روپے (اس وقت کے حساب سے 50 لاکھ ڈالر سے زائد) کا نقصان ہوا۔
کمیشن نے کولمبو کے مجسٹریٹ آسانگا بوداراگاما کو بتایا کہ ارجنا راناٹنگا اس وقت بیرونِ ملک ہیں اور وطن واپسی پر انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
اس کیس میں ارجنا راناٹنگا کے بڑے بھائی دھمیکا راناٹنگا، جو اُس وقت سرکاری ملکیتی سیلون پیٹرولیم کارپوریشن کے چیئرمین تھے، کو پیر کے روز گرفتار کیا گیا تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مجسٹریٹ نے دھمیکا راناٹنگا پر سفری پابندی بھی عائد کر دی ہے۔ وہ سری لنکا اور امریکہ کی دوہری شہریت رکھتے ہیں۔ عدالت نے کیس کی اگلی سماعت 13 مارچ کو مقرر کر دی ہے۔
سری لنکا میں 1996 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے فاتح کپتان ارجنا راناٹنگا کی عمر 62 برس ہے جو بائیں ہاتھ کے بلے باز تھے۔ انہوں نے 1996 میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سری لنکا کو کرکٹ ورلڈ کپ جتوایا تھا، جو ملکی کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی تھی۔



