گھوٹکی: بس سے اغوا کیےگئے 19 میں سے 11 مسافر بازیاب کرا لیےگئے

گھوٹکی (جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گڈوکشمور روڈ پر  بس سے اغوا کیے گئے 19 میں سے 11 مسافر بازیاب کرا لیے گئے۔

ڈی ایس پی اوباڑو کا کہنا ہے کہ مغویوں کو سومیانی میں مقابلے کے بعد بازیاب کرایا گیا، مزید مغویوں کی بازیابی کے لیےعلاقے کی ناکہ بندی کردی گئی۔

پولیس اور رینجرز کی جانب سے ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے، ڈرون کی مدد سے کارروائی کی جارہی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ پیر کی شب گھوٹکی میں ڈاکوؤں نے 19 مسافروں کو اغوا کرلیا تھا۔  اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں نے مرید شاخ کے قریب گڈو کشمور روڈ پر مسافر بس پر  حملہ کیا اور  مسافروں کو اغوا کیا۔

عینی شاہدین کے مطابق بس میں خواتین سمیت 25 افراد سوار تھے، ڈاکو خواتین کو چھوڑ کر 19 مردوں کو اپنے ساتھ لےگئے۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے فائرنگ بھی کی جس سے بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ مسافر بس صادق آباد سے کوئٹہ جارہی تھی۔

مسافروں کے اغوا کے بعد پولیس اور رینجرز کو ڈاکوؤں کے تعاقب میں روانہ کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button