سرگودھا: پولیس کی بڑی کارروائی، 88 لاکھ 50 ہزار کا چوری شدہ طلائی زیورات برآمد

سرگودھا (جانوڈاٹ پی کے) تھانہ کینٹ پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے گھر سے ہونے والی بڑی چوری کی واردات ٹریس کر لی اور 88 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کا چوری شدہ طلائی زیور برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ کینٹ کو ایک شہری کی جانب سے گھر سے قیمتی زیورات چوری ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر فوری طور پر مقدمہ درج کر کے مشکوک افراد کو شاملِ تفتیش کیا گیا۔ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ گھریلو ملازمہ ہی واردات کی ماسٹر مائنڈ تھی، جس نے موقع پا کر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات چوری کیے۔
ملزمہ نے چوری شدہ زیورات زمین میں گڑھا کھود کر چھپا رکھے تھے، جنہیں پولیس نے تفتیش کے دوران برآمد کر لیا۔ برآمد شدہ مال مسروقہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اصل مالک کے حوالے کر دیا جائے گا۔
ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھریلو ملازمین کا اندراج پولیس خدمت مرکز پر لازمی کروائیں تاکہ جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کا مؤثر کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ڈی پی او سرگودھا نے ایس ایچ او تھانہ کینٹ اور ان کی پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔



