معاشی استحکام کے باعث مہنگائی 22 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے،بلال اظہر کیانی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے محض ڈیڑھ سال کے قلیل عرصے میں ملکی معیشت کو مستحکم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اہداف منی بجٹ لائے بغیر حاصل کیے گئے، جو حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں کا ثبوت ہے۔
بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ معاشی استحکام کے باعث مہنگائی 22 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 8.8 فیصد سے بڑھ کر 10.3 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور تمام عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی ہے۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کو ڈیفالٹ کروانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اس جماعت کا ملکی معیشت، سفارتکاری اور دفاع کے خلاف مستقل منفی بیانیہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اڈیالہ میں بیٹھا شخص افواج پاکستان کے خلاف دشمن کی زبان استعمال کر رہا ہے۔
بلال اظہر کیانی نے سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو سزا کے حوالے سے کہا کہ اس فیصلے سے فوج نے خود احتسابی کا عمل ثابت کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیض حمید کیس میں کسی اور کے خلاف کارروائی بنتی ہے تو ضرورہونی چاہئے ، کیونکہ شواہد کی بنیاد پر کیس چلنا چاہیے اور سزا بھی ہونی چاہئے ۔



