سندھ: حلقہ پی ایس 9 شکارپور میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ، سخت سکیورٹی انتظامات

شکار پور(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے حلقہ پی ایس 9 شکارپور میں ضمنی انتخاب کا دنگل سج گیا، اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
پيپلزپارٹی کے آغا شہباز خان درانی اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مولانا رشد اللہ شاہ سمیت 8 امیدوار میدان میں ہیں، یہ نشست پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حلقہ پی ایس 9 شکارپور میں 2 لاکھ 77 ہزار 792 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے جن میں ایک لاکھ 48 ہزار 310 مرد جبکہ ایک لاکھ 29 ہزار 482 خواتین ووٹرز شامل ہیں، حلقے میں ٹوٹل 178 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں 49 مرد، 49 خواتین اور 80 مشترکہ پولنگ سٹیشنز شامل ہیں، 54 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس اور 84 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب کے آزادانہ، منصفانہ اور پُرامن انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔



