حلقہ پی ایس 9 شکارپور پر ضمنی انتخاب کل ہونگے، پولنگ و سکیورٹی انتظامات مکمل، 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) شکارپور کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 9 پر ضمنی انتخاب کل اتوار کے روز ہوگا، اس سلسلے میں پولنگ اور سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں. شکارپور میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے پولنگ عملے میں بیلٹ پیپرز، بیلٹ باکسز اور پولنگ کا دیگر سامان تقسیم کرکے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ کردیا گیا. حکام کے مطابق حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 77 ہزار 792 ہے. ڈی آئی جی آفس کے ترجمان کے مطابق ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 178 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 54 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 84 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ 40 پولنگس نارمل ہونگی. لاڑکانہ رینج کے ایس ایس پیز سمیت 3 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوانان سکیورٹی کے فرائض سر انجام دینگیں جبکہ پاک آرمی اور سندھ رینجرز سے بھی مدد لی جائیگی۔ ضمنی انتخابی مٹیریل کی حفاظت اور پولنگ اسٹیشنز پر پولیس تعیناتی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہی، پولنگ اسٹیشنز کے علاقوں میں موبائلز پیٹرولنگ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریزرو پلاٹون کو اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے. تمام صورتحال کی مانیٹرنگ اور فوری معلومات کے تبادلے کے لیے خصوصی کنٹرول روم ڈی آٸی جی آفس لاڑکانہ میں قائم کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حلقہ پی ایس 9 سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر آغا سراج احمد درانی کے انتقال کے باعث خالی ہوا جس پر ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کی جانب سے مرحوم آغا سراج احمد درانی کے صاحبزادے آغا شہباز درانی جبکہ جمعیت علماء اسلام کے امیدوار مولانا راشد اللہ شاہ سمیت 8 امیدوار مدمقابل ہیں.



