سرگودھا: نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کا افتتاح 25 دسمبر کو ہوگا، نواز شریف اور مریم نواز کی آمد متوقع

سرگودھا (نامہ نگار)میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا رواں ماہ سرگودھا کا دورہ متوقع ہے۔ اس موقع پر سرگودھا کے سب سے بڑے نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کی افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق کارڈیالوجی سنٹر کی افتتاحی تقریب کے لیے 25 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، جو میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کا دن بھی ہے۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اعلیٰ سرکاری افسران اور معزز شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامی امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جبکہ تقریب کے مقام کو خصوصی طور پر سجایا جا رہا ہے۔ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کے قیام سے سرگودھا اور گرد و نواح کے عوام کو دل کے امراض کے جدید علاج کی سہولیات میسر آئیں گی، جسے علاقے کے لیے ایک بڑا صحت منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔



