محبوب الزمان کا بھٹ شاہ کا دورہ، صوفی یونیورسٹی کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ، گریس کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کیا

مٹیاری (رپورٹ:امجد راجپوت)سندھ کے صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان آج مختصر دورے پر بھٹ شاہ پہنچے، جہاں انہوں نے صوفی یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے انہیں صوفی یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر مخدوم محبوب الزمان نے ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ اور ایس ایس پی مٹیاری راؤ عارف اسلم کے ہمراہ صوفی یونیورسٹی کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے باون ملین روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے گریس کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ کرکٹ گراؤنڈ کی اسکیم 2023 میں منظور ہوئی تھی جسے 2026 میں مکمل ہونا تھا، مگر مقررہ وقت سے پہلے اس منصوبے کی تکمیل ایک ریکارڈ کامیابی ہے، جس کا کریڈٹ ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کو جاتا ہے، جبکہ ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی بھی قابلِ تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹ شاہ، ہالا سمیت ضلع مٹیاری کے تمام شہروں میں کھیلوں کے میدانوں کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں اور پارٹی کی بنیاد رکھنے سے آج تک پیپلز پارٹی کو ووٹ دیتے آرہے ہیں۔ اگر ہماری کارکردگی خراب ہوتی تو ہم سو سال سے عوام کے ووٹوں سے کامیاب نہ ہوتے۔

انہوں نے بتایا کہ بھٹ شاہ کے بیوٹی فکیشن کے لیے وزیرِاعلیٰ سندھ سے چھ سو ملین روپے کا پیکیج منظور کرایا ہے، جس کے تحت فائر بریگیڈ گاڑیاں، ایمبولینسز اور شہر کی خوبصورتی کے منصوبے شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے بتایا کہ ان کی درخواست پر چیف سیکریٹری نے سندھ بھر میں گندم کے ذخائر کی جانچ کرائی ہے، جس کے بعد اینٹی کرپشن کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور کرپشن کرنے والے عناصر کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی ہالا زنوار گل محمد پنہور، میر مسرت جعفری، سید سیف شاہ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

مزید خبریں

Back to top button