ضلع کونسل کا اجلاس:تھر کول رائلٹی اور کارونجھر کے تحفظ کا مطالبہ

مٹھی (رپورٹ:مندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے)ضلع کونسل تھرپارکر کا اجلاس ضلعی چیئرمین ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران اراکین نے تھر کول کی رائلٹی ضلع کونسل کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ علاقے میں ضرورت کے مطابق بہتر ترقیاتی کام ہوسکیں۔ارکان نے کارونجھر پہاڑ سے متعلق عدالتی فیصلے کو برقرار رکھنے پر زور دیا جبکہ بھارتی وزیر کے سندھ کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بیان کی شدید مذمت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں 800 سڑکیں ایسی ہیں جو حادثات کی بڑی وجہ ہیں جنہیں فوری طور پر بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو نے محکمہ روڈز کے متعلقہ افسران کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تھر کی سڑکوں پر عوام کو درپیش مسائل بلاتاخیر حل کیے جائیں بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین کملا بھیل نے ڈی ایچ او تھرپارکر لیکھراج سارنگانی سے پبلک ہیلتھ اسکول اور کمیونٹی مڈوائفری سینٹر کے مسائل کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ان مسائل کے حل کے لیے جلد میٹنگ کی جائے گی۔ضلع کونسل کے چیئرمین نے تمام ممبران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی نئی ضروریات کے مطابق ترقیاتی سکیمیں جلد از جلد پیش کریں، تاکہ آئندہ بجٹ میں ان پر عملدرآمد ہو سکے۔اجلاس میں ضلع کونسل تھرپارکر کے ممبران اور متعلقہ سرکاری افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button