دادو میں امِ رباب چانڈیو کے تہرے قتل کیس کی سماعت،7گھنٹے بعد19دسمبر تک ملتوی

دادو(جانوڈاٹ پی کے)امِ رباب چانڈیو کے والد، دادا اور چچا کے تہرے قتل کیس کی سماعت ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ دادو میں سات گھنٹے تک جاری رہی، جس کے بعد عدالت نے کارروائی 19 دسمبر تک ملتوی کر دی۔سماعت کے دوران مدعی پرویز چانڈیو اور امِ رباب چانڈیو اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ دوسری جانب ایم پی اے سردار احمد چانڈیو، ایم پی اے برہان خان چانڈیو سمیت دیگر نامزد ملزمان بھی عدالت میں موجود رہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق سردار چانڈیو کے وکیل اپنے حتمی دلائل مکمل نہیں کر سکے، جس کے سبب عدالت نے آئندہ تاریخ دے دی۔ کیس کی اگلی سماعت 19 دسمبر کو ہوگی۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں امِ رباب چانڈیو نے کہا کہ“یہ تہرے قتل کا کیس صرف میرے خاندان کا نہیں بلکہ سندھ کی ہزاروں مظلوم خواتین اور خاندانوں کی لڑائی ہے۔ سندھ میں سرداری نظام ایک ناسور بن چکا ہے، جو برسوں سے لوگوں کے گھروں کو اجاڑتا آ رہا ہے۔”انہوں نے کہا کہ ان کی جدوجہد ہر مظلوم کے انصاف کی جنگ ہے۔“اگر سرداروں کو سزا ملی تو وہ ہزاروں بار سوچیں گے کسی کا گھر اجاڑنے سے پہلے۔”امِ رباب نے پرعزم انداز میں کہا کہ وہ انصاف کی حصول کی جدوجہد آخر تک جاری رکھیں گی۔



