انسدادپولیو مہم میں قومی فریضہ سمجھ کر حصہ لینا ہوگا،کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم

سکھر(جانو ڈاٹ پی کے)کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سکھر ڈاکٹر علی گل شاہ کے ہمراہ نواں گوٹھ کی کلنک پر پولیو ٹیمز کے جاری اوریئنٹیشن سیشن کا جائزہ لیا اور اوریئنٹیشن سیشن میں شرکت بھی کی۔ اس موقع پر کمشنر سکھر نے پولیو ٹیمز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 15 دسمبر سے شروع ہونے والی پولیو کے خلاف قومی مہم کو قومی فریضہ سمجھ کر انجام دینے کے لیے ضروری ہے کہ مہم کی تمام تر ذمہ داریوں کو بخوبی سمجھ کر ادا کیا جائے تا کہ دوران مہم کوتاہیاں سرزد نہ ہوں، سکھر ڈویژن میں رواں ماہ کی پولیو مہم 15 دسمبر سے 21 دسمبر تک جاری رہے گی۔
بعد ازاں انہوں نے سکھر بلڈ بینک کا دورہ کیا، بلڈ بنک اسپتال کے انچارج نے کمشنر سکھر کو اسپتال کے مختلف وارڈوں اور بچوں کے تھیلیسیمیا سینٹر کا بھی دورہ کرایا اور انہیں میسر طبی سہولیات کے متعلق آگہی دی۔ اس موقع پر کمشنر سکھر نے تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو ملنے والی علاج معالجے کی سہولیات کو سراہا، انہوں نے زیر علاج تھیلیسیمیا کے بچوں سے ملاقات بھی کی. اس دوران ڈائریکٹر سویٹ ہوم سکھر شبیر میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔



