یوکرین کی فنڈنگ بند، زیلنسکی کو حقیقت پسند ہو کر الیکشن کرانا چاہیے،ٹرمپ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرمپ گولڈ کارڈ کے اجراء کا باقاعدہ اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ ہم نے مہنگائی میں مزید اضافے کو روک کر رکھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ویزا پروگرام کے متبادل ’گولڈ کارڈ‘ کے اجراء کا اعلان کردیا۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں ٹرمپ گولڈ کارڈ کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے بہت پُرجوش ہوں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایک سال پہلے سے امریکا کو دیوالیہ قرار دیا جارہا ہے، جبکہ آج امریکی اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ جب میں نے اقتدار سنبھالا تو ملک میں مہنگائی اپنے عروج پرتھی جبکہ پہلے کی نسبت آج حالات یکسر مختلف ہیں، ہم نے تیل اور گیس کی قیمتوں میں کمی لاکر مہنگائی میں مزید اضافے کو روکا۔

روس یوکرین جنگ کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کو اب امریکا فنڈنگ نہیں کررہا، یوکرین کیلئے یورپ امریکا سے میزائل خرید رہا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ زیلنسکی کو حقیقت پسند ہو کر الیکشن کرانا چاہیے، یوکرین کے عوام الیکشن اور کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں، امریکا میں 18ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری آرہی ہے،

ایک صحافی کی جانب سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم مڈٹرم الیکشن باآسانی جیت جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ اوباما کیئر صحت کے شعبے میں فراڈ تھا۔

’ٹرمپ کارڈ‘ ایک خصوصی ریزیڈنسی پرمٹ ہے جو اپریل میں پہلی بار منظرِ عام پر آیا تھا۔ اس پر ٹرمپ کی تصویر اور جملہ ’دی ٹرمپ کارڈ‘ درج ہے۔

ٹرمپ کے مطابق یہ کارڈ ممکنہ طور پر موجودہ ای بی -5 ویزا پروگرام کی جگہ لے گا، جس کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کار امریکی شہریت حاصل کر سکتے ہیں۔

ای بی 5 (ای بی-5) ویزا کے برعکس، جس میں 8 لاکھ ڈالرز سے 1.05 ملین کی سرمایہ کاری درکار ہوتی ہے، ٹرمپ کارڈ کی قیمت سیدھی پانچ ملین ڈالر رکھی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کارڈ لاکھوں کی تعداد میں فروخت ہو سکتے ہیں، جو امریکی قرضے اتارنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button