پی ٹی آئی خود اپنی اصلاح کرنا چاہتی ہے،سیاسی مسائل کا حل سیاسی طریقے سے نکلنا چاہیے،بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بہت سی چیزوں میں خود  اپنی اصلاح کرنا چاہتی ہے، ملاقاتوں میں رکاوٹیں ڈالنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ ملاقات کرنا ہمارا حق ہے کئی عدالتی احکامات بھی موجود ہیں، آج بھی ہمیں جیل جانے سے روکا گیا ہے، حالات کشیدہ ہورہے ہیں یہ ملک مزید انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں اختلاف ہوتا ہے دشمنی نہیں ہوتی، سیاست میں ایک دوسرے کو غلط الفاظ سے نہیں پکارا جاتا، ہم خود بھی اپنے اندر بہت ساری چیزوں میں اصلاح چاہتے ہیں، ملاقاتیں ہوں گی تو حالات میں بہتری آسکتی ہے، جب ہم بانی سے ملیں گے تو انہیں باہر کی صورتحال سے صحیح سے آگاہی ملے گی۔

بیرسٹرگوہر کا کہنا تھاکہ ملاقاتوں میں رکاوٹیں ڈالنے سے کچھ نہیں ہوگا، اسپیکر قومی اسمبلی نے ہمیشہ اچھا کردار ادا کیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے بات چیت کاسارا اختیار محمود اچکزئی اورراجہ ناصرعباس کو دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ دن  پہلے ہم ایسی پوزیشن پر پہنچ گئے شاید کوئی ڈائیلاگ ہوجاتا،  سیاسی مسائل کا حل سیاسی طریقے سے نکلنا چاہیے، حالات کشیدگی کی طرف نہیں جانے چاہیے لیکن یہاں پارلیمنٹ ہے دیگر ادارے ہیں ایک طریقے سے چلنا چاہیے، ہم نے بڑی کوشش کی سسٹم میں رہ کر کوئی تبدیلی لائیں، ہیجان کی وجہ سے لوگ مایوسی کی طرف جائیں گے، پاکستان نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو شکست دی ہم نے فوج کو سراہا۔

مزید خبریں

Back to top button