بھارت میں انوکھا واقعہ:کار چلاتے وقت ہیلمٹ نہ پہننے پر شہری کا چالان

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارت میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں پولیس نے کار چلاتے وقت ہیلمٹ نہ پہننے پر شہری کا چالان کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع آگرہ میں ایک شخص کو اپنی گاڑی چلاتے ہوئے مکمل ہیلمٹ پہنے دیکھا گیا۔
جب اس شخص سے گاڑی چلاتے وقت ہیلمٹ پہننے کی وجہ سے پوچھی گئی تو اس نے بتایا کہ یہ اقدام ایک غیر معمولی پولیس چالان کی وجہ سے ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شہری کی شناخت گلشن کے نام سے ہوئی جو ایک اسکول ٹیچر ہیں۔
گلشن نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ 26 نومبر کو اپنی کار چلانے کے دوران ہیلمٹ نہ پہننے کے الزام میں مجھے 1100 روپے بھارتی روپے کا چلان کیا گیا۔
انہوں نے ٹریفک پولیس اہکاروں کو وضاحت دی کہ وہ سیٹ بیلٹ پہنے ہوئے ہیں لیکن پولیس نے ہیلمٹ نہ پہننے پر ان پر جرمانہ کر دیا۔
گلشن نے بتایا کہ اس واقعے نے انہیں حیران کر دیا اور اس کے بعد وہ اس "عجیب فانون ” کی پیروی کر رہے ہیں تاکہ مزید پریشانی سے بچا جا سکے۔ اب وہ ہر بار کار چلانے کے دوران ہیلمٹ پہن کر جاتے ہیں۔
گلشن کا کہنا ہے کہ وہ مزید چالان سے بچنے کے لیے اس پر عمل جاری رکھیں گے۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر مذاق اور حیرت کا باعث بنا جبکہ اس چالان کو ایک مبینہ غلطی بھی قرار دیا جارہا ہے۔
تاہم پولیس حکام نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔



