سرگودھا کمشنر کی زیر صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس،مختلف شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ

سرگودھا(نامہ نگار) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کی ایک ہفتے کی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ایم ڈی واسا نے بتایا کہ شہر بھر میں کھلے مین ہول کور کرنے کی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ صرف دو دن میں 270 سے زائد مین ہول کور کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ افسران اور عملے کی اتوار کی چھٹی بھی منسوخ کر دی گئی تھی تاکہ کام کی رفتار برقرار رکھی جا سکے۔خصوصی ٹیمیں کمرشل، رہائشی علاقوں اور تعلیمی اداروں کے اطراف سروے کر رہی ہیں، جہاں کہیں بھی کھلا مین ہول نظر آتا ہے، فوری طور پر کور کیا جا رہا ہے۔ آگاہی کے لیے سوشل میڈیا و دیگر ذرائع ابلاغ کو استعمال میں لایا جا رہا ہے۔شہریوں س بھی ہے اپیل ہے کہ کھلا مین ہول نظر آئے تو فوری طور پر واسا کو اطلاع دیں تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔
اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے 14 ارب روپے کے سرگودھا سیوریج پیکج کے افتتاح اور ابتدائی کام سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ مین ہول کورز کی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اس مقصد کے لیے سیف سٹی کیمروں کی مدد حاصل کی جائے۔
اجلاس میں پی ایچ اے نے اپنے جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا کہ بلاک 31، بلاک 23، یوسف پارک اور وائی بلاک کے پارکوں کی تزئین و آرائش تیزی سے جاری ہے، جبکہ کئی پارکس کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ فیسکو نے سٹی بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت سٹی روڈ پر بجلی کی تنصیبات کو انڈر گراؤنڈ کرنے کے کام کی ایک ہفتے کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ سی او ایم سی نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ہفتے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔ فوڈ اتھارٹی نے بھی اپنی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ پیش کی، جبکہ جنگلات کے محکمے نے جاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب مہم کی ایک ہفتے کی سرگرمیوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ایم ڈی واسا ابو بکر عمر، ایم ڈی جی ہارٹیکچر اتھارٹی چوہدری محمد ارشد، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایس ای فیسکو محمد ابرار، فوڈ اتھارٹی، ایس ڈبلیو ایم سی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔



