بھارت کسی خودفریبی یا گمان کا شکارنہ رہے،اگلی باری برق رفتاراورشدید جواب دینگے،فیلڈ مارشل کا منہ توڑ جواب
ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے،سید عاصم منیر

راولپنڈی(جانو ڈاٹ پی کے)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کو دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے،بڑھتے اور بدلتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ ہم ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحد نظام کے تحت مزید بہتر کریں۔ ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام اس تبدیلی کی جانب ایک ضروری قدم ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب میں کہا کہ ہر سروس اپنی آپریشنل تیاریوں کیلئے اپنی انفرادیت برقرار رکھے گی، ڈیفنس فورسز کا ہیڈکوارٹر سروسز کے آپریشن کو مربوط اور ہم آہنگ کرے گا، تینوں افواج اپنی اندرونی خود مختاری اور تنظیمی ڈھانچہ برقرار رکھیں گی۔
پاکستان امن پسند ملک ،خودمختاری،علاقائی سالمیت پر آنچ اور ہمارے عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے تاہم کسی کو بھی پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت پر آنچ اور ہمارے عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کوئی ہماراعزم آزمانےکی جرأت نہ کرے۔
طالبان رجیم پاکستان یا طالبان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے،فیلڈ مارشل
چیف آف ڈیفنس فورسز نے طالبان رجیم کو واضح پیغام دیا کہ ان کے پاس فتنہ الخوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تصور ناقابل تسخیر ہے اور اس کی حفاظت ایمان سے سرشار جانبازوں اور متحد قوم کے پختہ عزم نے کر رکھی ہے۔
قبل ازیں پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کرنے کیلئے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔



