مٹھی:بااثر افراد نے قانون کو اپنے ہاتھ میں لے لیا،نوجوان پر وحشیانہ تشدد،حالت تشویشناک

مٹھی(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے)مٹھی کے پکنک پوائنٹ گڈھی بھٹ پر بااثر افراد نے نوجوان کو خواتین کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کا الزام لگا کر وحشیانہ تشدد کانشانہ بنا ڈالا۔ مٹھی پولیس نے نوجوان کو بے ہوشی کی حالت میں سول اسپتال منتقل کردیا۔20سالہ گوتم ولد رام جی کو واپڈا کے حمید ریگستانی نامی ملازم نے خواتین کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے الزام میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ نوجوان شدید تشدد کا شکار ہوتا رہا، بالآخر مٹھی پولیس نے پہنچ کر اسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال پہنچایا۔
ورثاء نے انتظامیہ اور حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تشدد کرنے والے حمید ریگستانی اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا جائے۔نوجوان کی والدہ کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے پر وحشیانہ تشدد کیا گیا ہے، ہمارے نوجوان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔سماجی رہنما ایڈوکیٹ کیول رام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان پر وحشیانہ تشدد کیا گیا ہے، ایف آئی آر درج کر کے ہم سے انصاف کیا جائے، ورنہ ہم دھرنا دیں گے۔دوسری جانب نوجوان کے ورثا ایف آئی آر درج کرانے تھانے پہنچ گئے ہیں۔



