"سندھی کلچر ڈے”تھرپارکر میں جگہ جگہ جشن،شاندار رقص اور ریلیاں

مٹھی (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کی شان، تشخص اور تہذیب کی علامت سندھی ثقافتی دن ضلع تھرپارکر میں انتہائی دھوم دھام، جوش و خروش منایا گیا، سندھ کے ہر شہر، گاؤں میں رنگا رنگ تقریبات، ریلیوں اور سماجی پروگراموں کے ساتھ جشن منایا گیا۔ضلعی ہیڈ کوارٹر مٹھی، اسلام کوٹ، ڈیپلو، ننگرپارکر، چھاچھرو، کلوئی اور دیگر علاقوں میں صبح سویرے ثقافتی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔نوجوانوں، طلباء، اساتذہ، خواتین، کاروباری افراد اور سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد نے اجرک، سندھی ٹوپی، کنجرا، کڑتا، پٹکا اور روایتی لباس پہن کر ثقافت سے اپنے جذباتی وابستگی کا اظہار کیا۔مٹھی میں مختلف تنظیموں، سکولوں اور کالجوں کی جانب سے طویل ریلیاں نکالی گئیں، جن میں قومی ترانوں پر رقص کیا گیا۔ نوجوانوں کی جانب سے تھر کے روایتی گانوں اور سرون جی ورکا اور ڈھل دھوم گانے سے ماحول مزید خوشگوار ہوگیا۔ضلع کے تعلیمی اداروں میں ثقافتی شو، تاریخی شخصیات پر تقاریر، بیت بازی، جاندار مشاعرے اور لوک موسیقی کے پروگرام منعقد ہوئے۔ سندھی لباس میں ملبوس چھوٹے بچوں کو دیکھ کر والدین اور اساتذہ نے بے حد خوشی کا اظہار کیا۔ بہت سے اسکولوں میں "بہترین ثقافتی لباس” اور "سندھی ڈانس” کے مقابلے بھی منعقد ہوئے۔ادبی تنظیموں اور سماجی فورمز کی جانب سے سیمینارز اور مباحثے بھی منعقد کیے گئے جن میں سندھ کی تہذیب، تاریخ، مذاہب کی ہم آہنگی، روایات کے تحفظ اور ثقافتی ورثے کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ مقامی شعراء نے لوک گیت اور کافی بھی پیش کیں جنہیں شرکاء نے خوب سراہا۔شام ہوتے ہی شہریوں کی درخواست پر مٹھی، اسلام کوٹ اور ننگرپارکر میں ثقافتی اجتماعات، لوک ڈرامے، ماروی کی کہانیوں پر مبنی شوز اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ میوزیکل پرفارمنس میں تھر کے مقامی موسیقاروں نے ملی نغمے پیش کیے جس سے تقریبات کی رنگینی میں مزید اضافہ ہوگیا۔تھرپارکر کی فضا ثقافتی رنگ میں رنگ گئی، پورا ضلع ثقافتی میلے میں تبدیل ہوگیا، سڑکوں، چوراہوں، اسکولوں اور بازاروں کو سندھی جھنڈوں، جھنڈیوں اور بینرز سے سجا دیا گیا۔ لوگوں کے مطابق ثقافتی دن نہ صرف خوشی کا دن ہے بلکہ اپنے وطن سے لگاؤ ​​اور تشخص کو زندہ رکھنے کا ذریعہ بھی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button