ڈاکٹر سعدیہ کمال نےصحافی چوہدری ظفر محمود کیخلاف جھوٹے مقدمے کو مستردکردیا

سرگودھا(جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال،سیکریٹری جنرل انیس حیدر، سینئر نائب صدر ناصر شیخ ، ایڈیشنل سیکریٹری عمر فاروق گوندل، سیکریٹری اطلاعات عمران چوہدری اور دیگر نے سرگودھا کے سینئر صحافی چوہدری ظفر محمود کیخلاف جھوٹے اور من گھڑت مقدمات درج کئے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات اور صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور اس واقعے میں ملوث ہسپتال کی انتظامیہ کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ چوہدری ظفر محمود کی جانب سے تحقیقاتی خبریں چلائے جانے پر ان کیخلاف جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کرایا گیا ہے جس کا مقصد ظفر محمود کو ان کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے روکنا اور انہیں ہراساں کرنا ہے، انہوں نے کہاکہ سرکاری اور نجی اداروں میں بیٹھے ہوئے افسران کھلے عام کرپشن اور لوٹ مار کررہے ہیں جس کی نشاندہی کئے جانے پر صحافی اور میڈیا ورکرز کو آئے دن انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن افسوس حکومت اور متعلقہ ذمہ داران ان بدعنوان اور کرپٹ لوگوں کو مکمل تحفظ فراہم کررہے ہیں بلکہ ان کی کرپشن کو بے نقاب کرنے والے صحافیوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں، جھوٹے مقدمات، ہراساں کئے جانے اور گرفتاری جیسے اقدامات معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یا تو اس صورتحال کا تدراک کیا جائے بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائیگا۔


