وزیر اعظم آزاد کشمیر کی گڑھی خدا بخش میں شہداء کے مزارات پر حاضری

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) نومنتخب وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فیصل ممتاز راٹھور نے گڑھی خدا بخش بھٹو پہنچ کر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور دیگر شہداء کے مزارات پر حاضری دی اور پھول نچھاور کرکے فاتح خوانی کی. اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حالیہ حکومت کا کریڈٹ آصف علی زرداری کو جاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ 2021 میں 11 نشستوں سے شروع ہونے والا سیاسی سفر آج 29 نشستوں تک جا پہنچا ہے جو عوامی اعتماد کا واضح ثبوت ہے، ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کا عرصہ ریاست میں کم سہی مگر جب بھی موقع ملا عوام کے حقوق، ترقی اور فلاح کی آواز بلند کی گئی، وزیر اعظم نے کہا کہ ایل او سی کے رہنے والے عوام ہندوستانی جارحیت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں، انہوں نے اعلان کیا کہ 2026 کے الیکشن سے دراصل 2026 سے 2031 تک پیپلز پارٹی کی مضبوط حکومت کا آغاز ہوگا اور آنے والے وزیراعظم بلاول بھٹو ہوں گے، راجا فیصل ممتاز راٹھور نے مزید بتایا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے آتے ہی ہیلتھ کارڈ جاری کر دیا ہے اور آئندہ چند روز میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ مضبوط ہے کشمیر کی گلیوں میں آج بھی ہم پاکستانی ہیں کے نعرے گونج رہے ہیں.



