دادو: امِ رباب چانڈیو قتل کیس کی سماعت، حتمی دلائل مکمل ہونے کے قریب،فیصلہ رواں ماہ متوقع

دادو(عابد ببر جانو ڈاٹ پی کے) امِ رباب چانڈیو کے اہلخانہ کے قتل کیس کی سماعت، فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے قریب ، فیصلہ رواں ماہ متوقع
دادو میں امِ رباب چانڈیو کے والد، بھائی اور دادا کے قتل سے متعلق ہائی پروفائل مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے کارروائی کو 12 اور 13 دسمبر تک ملتوی کر دیا ہے، جہاں کیس کے حتمی دلائل مکمل کیے جائیں گے۔
عدالتی کارروائی کے دوران دونوں فریقین کے وکلاء نے تفصیلی دلائل پیش کیے۔ ملزمان کے وکلا تقریباً اپنے حتمی دلائل مکمل کر چکے ہیں اور 12 دسمبر کو باقی ماندہ دلائل مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اس کے بعد 13 دسمبر کو آئندہ کاروائی طے کی جائے گی۔
امِ رباب چانڈیو نے کیس کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگلی پیشی پر اُن کے وکیل حتمی دلائل پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیس فائنل اسٹیج پر پہنچ چکا ہے اور تمام شواہد عدالت کے سامنے پیش کیے جا چکے ہیں۔
امِ رباب چانڈیو کا کہنا تھا کہ نظر آ رہا ہے کہ فیصلے کی تاریخ اسی مہینے کے اندر سامنے آ جائے گی۔ اللہ کی ذات بڑی کریم ہے، بے گناہ خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔



