وسیم اکرم کا ریکارڈ تورنے کے باوجود وہ مجھ سے بہت بہتر بولر ہیں ، مچل اسٹارک

آسٹریلیا(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کے لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑنے کے باوجود آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک ماضی کے لیفٹ آرم اسپیڈ اسٹار کو دنیا کا بہترین فاسٹ بولر سمجھتے ہیں۔
مچل اسٹارک نے گزشتہ روز ایشز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں سابق پاکستانی کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا 414 وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑا اور وہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر بن گئے۔
پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر جب پریس کانفرنس کے دوران مچل اسٹارک سے پوچھا گیا کہ کیا وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑنے کے بعد آپ خود کو لیفٹ آرم گریٹسٹ بولر آف آل ٹائم سمجھتے ہیں، جس پر ان کا کہنا تھا میں خود کو ایسا نہیں سمجھتا، میں سمجھتا ہوں کہ وسیم اکرم اب بھی مجھ سے بہت بہتر بولر ہیں، وہ اب بھی لیفٹ آرم بولرز میں سب سے اوپر ہیں۔
مچل اسٹارک کا کہنا تھا مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ میرا نام بھی ان جیسے عظیم لیڈر کے ساتھ لیا جا رہا ہے لیکن میں صرف اپنی پرفارمنس سے وکٹیں لینے کی کوشش کر رہا ہوں۔
گزشتہ روز وسیم اکرم نے بھی سوشل میڈیا پر مچل اسٹارک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا آپ بہت ہی محنتی بولر ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ آپ نے میرا ریکارڈ توڑا، اسی طرح پرفارم کر کرے چمکتے رہیں۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر کا اعزاز انگلینڈ کے سابق بولر جیمز اینڈرسن کے پاس ہے جنہوں نے 188 میچز میں 704 وکٹیں لیں۔



