اسرائیل کا جنگی جنون ختم نہ ہوا،بجٹ میں فوج کیلئے 35بلین ڈالر کی رقم مختص

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیل کا جنگی جنون ختم نہ ہوا، اسرائیلی کابینہ نے بجٹ 2026 میں اسرائیلی افواج کیلئے 35 بلین ڈالر کی بھاری رقم مختص کردی۔
خبرایجنسی کے مطابق اسرائیلی کابینہ نے بجٹ کی منظوری دیدی، دفاع کے لیے 35 بلین ڈالر مختص کیے گئے ہیں جو مجوزہ 28 بلین ڈالر کے مقابلے 25 فیصد زیادہ ہیں۔
بجٹ کو ووٹنگ کیلئے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں نیتن یاہو حکومت کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا کیونکہ اسرائیلی حکومت کے اندر سیاسی تقسیم میں اضافہ ہوا ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق اسرائیلی قانون کے مطابق نیتن یاہو کو ہر حال میں مارچ سے قبل بجٹ کی منظوری یقینی بنانا ہوگی، پارلیمنٹ سے بجٹ منظور نہ ہونے کی صورت میں اسرائیل میں نئے انتخابات کرانے ہوں گے۔
یادر ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران غزہ جنگ، اس میں ہونے والی عارضی جنگ بندی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے یہودی مذہبی طلبہ کو لازمی فوجی خدمت سے استثنیٰ دینے کے مطالبات پر حکمراں اتحاد میں شدید اختلافات سامنے آئے ہیں۔



