پوری قوم کو مجرم بنا کر کورٹ کچہری میں کھڑا کر دینا عوام دشمنی کے مترادف ہے، افتخار احمد بٹ

حکومتی جرمانہ پالیسیوں پر عوامی و سماجی حلقوں کا احتجاج،عوام دشمن اقدامات واپس لینے کا مطالبہ

وزیر آباد (جانوڈاٹ پی کے) کرپشن کے ماحول میں پروان چڑھنے والے اداروں کو قانون کی پاسداری کرانے کی ذمّہ داری سونپ کر عوام کو ریاست کے خلاف نفرت پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ مضبوط معیشت کی دعویدار حکومت جرمانوں کی یلغار سے دیہاڑی لگانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ بچگانہ پالیسیاں مریم نواز کی حکومت کا بیڑہ سڑکوں کے بیچ غرق کر دیں گی۔ پوری قوم کو مجرم بنا کر کورٹ کچہری میں کھڑا کر دینا عوام دشمنی کے مترادف ہے۔ صاف ستھرا پنجاب پروگرام کی ناکامی کا بدلہ عوام سے لینا فرعونی سوچ کی عکاسی ہے۔ ریونیو معاملات کو بہتر بنانے کے لیے عوام سے جرمانوں کی مد میں رقم بٹورنے کی بجائے سرکاری معاملات میں کرپشن کے سوراخ بند کئے جائیں، فلاح کے نام پر تباہی کی پالیسی عوام میں نفرت اور بغاوت پیدا کرنے کی سازش ہے۔ عوام کو ابتلاء میں مبتلا کر کے سیاست کا بازار بند کرنے کی کاروائیوں سے صاحبان اقتدار سیاسی خود کشی کی راہ پر گامزن ہو چکے ہیں۔  انجمن تحفظ حقوق عوام کے صدر افتخار احمد بٹ اور دیگرعوامی سماجی حلقوں نے عسکری حلقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وطن دوست عوام کو جابرانہ ہتھکنڈوں سے نفرت کے راستے پر ڈالنے کی مذموم کوشش کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے عوام دشمن پالیسیوں کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں اور دو وقت کی روٹی سے پریشان غریب عوام کو جرمانوں کے نام پر لوٹنے والوں کا احتساب کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button