بابری مسجد کی شہادت کو33سال مکمل،آج بھی دکھ اور تشویش ہے،پاکستان

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)ترجمان دفترخارجہ نے بابری مسجد کی شہادت سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بابری مسجد ہماری اجتماعی یادداشت کا حصہ ہے۔
ترجمان دفتر خار جہ کا کہنا تھا کہ6دسمبر1992کاواقعہ آج بھی دکھ اور تشویش کا باعث ہے،بابری مسجد کی شہادت عدم برداشت اور مذہبی تعصب کی علامت ہے۔اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مذہبی ورثے کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے،مسلمانوں کے مذہبی مقامات کو نقصان پہنچانے کے واقعات پراحتساب ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بابری مسجد کے بعد بھارتی مسلمان عدم تحفظ اور ذہنی تکلیف کا شکار ہیں، ہندو انتہا پسند تنظیمیں ریاستی سرپرستی سے اقلیتوں کو مزید محدود کرناچاہتی ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے، عالمی برادری مسلمانوں کے مذہبی ورثے کے تحفظ کے لیےکردارادا کرے، بھارت تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق اور مذہبی رواداری کو یقینی بنائے۔



