بدقسمتی نے بھارت کے’’قدم چوم‘‘لئے،20بار ٹاس میں شکست،ذلالت کانیا ریکارڈ بنادیا

ممبئی(جانو ڈاٹ پی کے)بدقمستی نے بھارت کے’’قدم چوم‘‘لئے،20بار ٹاس میں شکست،ذلالت کانیا ریکارڈ بنادیا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم مسلسل20ٹاس ہارنے والی پہلی ون ڈے ٹیم بن گئی ہے،اتنی زیادہ مرتبہ مسلسل ٹاس ہارنے کےامکانات 10لاکھ میں ایک سے بھی کم ہیں جبکہ کپتان کے ایل راہول نے بھی اس بد قسمتی پر حیرانگی کا اظہار کیا ۔رائٹرز کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کی ٹاس میں بدترین ناکامی کا سلسلہ برقرار رہا اور بدھ کو جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے میچ میں مسلسل 20واں ٹاس بھی ہار گئی، جو کرکٹ شائقین اور ماہرین کے لیے حیرت کا باعث بن گیا ہے۔رائے پور کے شہید ویر نرائن سنگھ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بھارت کے قائم مقام کپتان کےایل راہول نے ٹاس کے لیے سکّہ اچھالا، امید تھی کہ بدقسمتی کا سلسلہ ختم ہوگا، لیکن ایک بار پھر قسمت نے ساتھ نہ دیا اور جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے ’ہیڈ‘ پکار کر ٹاس جیت لیا اور فیلڈنگ کا انتخاب کیا۔اعداد و شمار کے مطابق مسلسل 20 ٹاس ہارنے کے امکانات 10 لاکھ 48 ہزار 576 میں ایک ہیں، جس نے بھارتی ٹیم کی ٹاس سے جڑی ’بدقسمتی‘ کو مزید موضوع بحث بنا دیا ہے۔ٹاس ہارنے کے بعد کپتان کےایل راہول نے ہنستے ہوئے کہا’’سچ پوچھیں تو یہ میرے لیے سب سے زیادہ دباؤ والا لمحہ تھا کیونکہ ہم بہت عرصے سے ٹاس نہیں جیتے، میں پریکٹس کر رہا تھا، لیکن لگتا ہے یہ بھی کام نہیں کر رہی۔بھارت کا ٹاس ہارنے کا سلسلہ 2023 ورلڈ کپ فائنل سے شروع ہوا تھا، جب روہت شرما ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔ اب کےایل راہول کی قیادت میں بھی یہ ریکارڈبرقرار ہے۔



