روس کی واٹس ایپ کو مکمل طور پر بلاک کرنے کی دھمکی

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے عالمی سطح پر مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو مکمل طور پر بلاک کردینے کی دھمکی دے دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے ایک بار پھر واٹس ایپ پر جرائم کو روکنے میں ناکامی کا الزام دہراتے ہوئے روسی شہریوں کو متبادل اور مقامی ایپ پر منتقل ہونے پر زور دیا ہے۔
روس کے مواصلاتی نگران ادارے روسکومنیڈزو کے مطابق ‘ اگر واٹس ایپ روسی قوانین کی پاسداری نہ کرسکا تو اسے مکمل طور پر بلاک کردیا جائے گا‘۔
یہ پابندی روس کی جانب سے اگست میں واٹس ایپ کالز پر عائد کردہ پابندی کے سلسلے کی ہی ایک کڑی ہے۔
روسکومنیڈزو نے روسی صارفین کو ریاستی سرپرستی اور حکومتی خدمات سے مربوط ریاست کی حمایت یافتہ میسجنگ ایپ میکس ( MAX ) پر منتقل ہونے پر زور دیا گیا ہے ، میکسdomestic messaging service ہے جس میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن فیچر موجود نہیں۔
اس حوالے سے واٹس ایپ کی مالک اور امریکی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کا کہنا ہے کہ ’ صارفین کی محفوظ مواصلاتی معلومات روسی حکومتی اداروں سے شیئر کرنے سے انکار کے بعد روس واٹس ایپ پر پابندی لگانے کی کوشش کر رہا ہے ‘ ۔
واضح رہے کہ ٹیلی گرام اور واٹس ایپ روس کی 2 مقبول ترین میسجنگ سروسز ہیں تاہم روسی حکومت کا مطالبہ ہے کہ دہشتگردانہ سرگرمیوں اور فراڈ کی تحقیق و تفتیش کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی درخواست پر دونوں میسیجنگ سروسزصارفین کے ڈیٹا تک رسائی فراہم کریں۔



