چین نے اپنے شہریوں کو جاپان کا سفر کرنے سے روک دیا

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے)چین نے اپنے شہریوں کو ایک مرتبہ پھر جاپان کا سفر کرنے سے روک دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین نے ایک بار پھر اپنے شہریوں کو جاپان کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
چینی سفارتخانے کے مطابق بیشتر چینی شہریوں کو جاپان میں بلا وجہ توہین اور مارپیٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ اس لیے جاپان میں موجود چینی شہریوں کو حفاظتی اقدامات بڑھانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ جاپانی وزیر اعظم کے تائیوان سے متعلق بیانات پر دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوئے تھے۔ جس کے بعد چین نے پہلی بار اپنے شہریوں کو 14 نومبر کو جاپان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
دوسری جانب چین نے تائیوان کے معاملے میں مداخلت کرنے والی غیر ملکی طاقتوں کو خبردار کرتے ہوئے سخت پیغام دے دیا ہے۔
روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق تائیوان کے قریب جاپانی میزائل یونٹ کی تنصیب پر ردعمل دیتے ہوئے چین نے خبردار کیا کہ وہ تائیوان کے معاملے میں کسی بھی غیر ملکی مداخلت کو کچل دے گا۔
چین کے تائیوان امور کے ترجمان پینگ قینگن نے ایک معمول کی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہمارا عزم مضبوط ہے، ہمارا عزم پختہ ہے اور ہمارے پاس اپنے قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام غیر ملکی مداخلتوں کو کچل دیں گے۔
پینگ قینگن نے مزید کہا کہ جاپان کا تائیوان کے قریب جارحانہ ہتھیاروں کی تعیناتی انتہائی خطرناک ہے جو جان بوجھ کر علاقائی تناو? پیدا کرتی ہے اور فوجی تصادم کو اُکساتا ہے۔



