وزیراعظم نے برآمدات پر نافذ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج ختم کردیا
دنیا بھر میں پاکستان کی برآمدی اشیاء کی تشہیر وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے،شہبازشریف

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے برآمدات پر نافذ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج فوری ختم کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے قائم زیلی ورکنگ گروپ کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ذیلی ورکنگ گروپ نے برآمدات میں اضافے کیلئے شعبے سے متعلق تحقیق کے بعد اپنی سفارشات پیش کیں۔اجلاس میں وزیر اعظم نے برآمدگان پر نافذ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج فوری ختم کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کا عالمی معیار کے مطابق پچھلے 5 سال کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے، فنڈ میں موجودہ رقم کے بہترین استعمال کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے موزوں چیئرمین کو منتخب کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ میں موجود رقم کو ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے استعمال کیا جائے، رقم کو برآمدی سیکٹر کی افرادی قوت کی ٹریننگ اور عالمی معیار کی سہولتوں کیلئے استعمال کیا جائے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کے تحت جاری پروگرام اور تمام اسکیمز کا بھی تھرڈ پارٹی اڈٹ کروایا جائے ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ برآمدات میں اضافے کیلئے ٹڈاپ کے کردار کا اصلاحاتی جائزہ اور تشکیل نو کی جائے، ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کا غیر متعلقہ اور غیرمنطقی استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستان کی برآمدی اشیاء کی تشہیر وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، برآمدات میں اضافے کیلئے صنعت کاروں کو ہر ممکن سہولت پہنچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔



