ایتھوپیا میں پھٹنے والے آتش فشاں کی راکھ پاکستان پہنچ گئی،طیاروں کیلئے الرٹ

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے )ایتھوپیا میں پھٹنے والے آتش فشاں کے راکھ کے بادل پاکستانی علاقے گوادر کے جنوبی حصے میں ریکارڈ کیے گئے ہیں، جو ساحلی شہر سے تقریباً 60 ناٹیکل میل دور پائے گئے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر ضیغم نے بتایا کہ محکمہ موسمیات نے آج دو وولکینک الرٹس جاری کیے ہیں، جو 45 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرنے والے ہوائی جہازوں کے لیے اہم ہیں۔ عام طور پر پاکستانی حدود سے گزرنے والی بین الاقوامی پروازیں 45 ہزار فٹ یا اس سے زائد بلندی پر اڑتی ہیں، لہٰذا ہوائی جہازوں کے عملے کو راکھ کے بادلوں کے متعلق احتیاط کی ہدایات دی گئی ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ آتش فشاں سے اٹھنے والے راکھ کے بادل یمن، عمان، بھارت اور شمالی پاکستان تک پھیل چکے ہیں، جس سے فضائی اور ماحولیاتی سرگرمیوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔

ایتھوپیا میں یہ آتش فشاں، جس کا نام ہیلی گوبی ہے، دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 800 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ یہ آتش فشاں رِفٹ ویلی میں موجود ہے، وہ خطہ جہاں دو ٹیکٹونک پلیٹیں ملتی ہیں اور زمین کے اندر شدید جغرافیائی سرگرمیاں ہوتی ہیں۔ آتش فشاں کی بلندی تقریباً 500 میٹر ہے۔

ماہرین کے مطابق اس قسم کے وولکینک بادل نہ صرف فضائی سفر کے لیے خطرہ پیدا کرتے ہیں بلکہ مقامی فضائی اور ساحلی علاقوں میں فضائی آلودگی اور ماحولیاتی اثرات بھی مرتب کر سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے عوام اور ہوابازی کے عملے سے کہا ہے کہ وہ تازہ الرٹس اور موسمیاتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی غیر متوقع حادثے سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button