وزیر اعظم شہبازشریف سے سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف جنرل فیاض بن حامد الرویلی کی ملاقات

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے  وزیر اعظم ہاؤس، اسلام آباد میں ملاقات کی جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو مضبوط تر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے  خادم حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئےنیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ ملاقات میں سعودی عرب کیساتھ اقتصادی، دفاعی ،سیکیورٹی و تمام شعبوں تعلقات مزید مضبوط بنانےکے عزم کا اعادہ  کیا گیا ۔

وزیراعظم نے پاکستان کو ہروقت فراہم کی جانے والی غیرمتزلزل سعودی حمایت کو سراہا اور کہا کہ پاک سعودی عرب تعلقات مشترکہ عقیدے ،یکساں اقداراورباہمی اعتماد پرمبنی ہیں، وزیراعظم نے گزشتہ دو ماہ کے دوران ریاض کے اپنے انتہائی کامیاب دوروں کا ذکر بھی کیا ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ دونوں ملک ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کیلئے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔ شہبازشریف نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کیلئے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا بھی حوالہ دیا۔

جنرل الرویلی نے سعودی قیادت کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کو تہنیتی پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور دیگر بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button