مہیش ملانی کی تھر کول بلاک ون انتظامیہ سے ملاقات،مسائل حل کرنے کی يقين دھانی

مٹھی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی ڈویژن میرپورخاص کے صدر ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار اور درشن کمار ملانی نے تھر کول بلاک ون پہنچ کر شنگھائی کمپنی کے سی ای او مسٹر لی چی گن اور وائس سی ای او عبدالقیوم چوہدری سے ملاقات کی۔میٹنگ میں مقامی لوگوں کے مختلف مسائل بشمول حال ہی میں بلاک ون میں کام کرنے والے ڈرائیوروں کے روزگار کے مسائل اور دیگر قریبی دیہات تلوایو، وروائی اور گوڑانو ڈیم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں امان اللہ جونیجو، تحصیل مٹھی کے صدر سراج سومرو اور دیپک شرما کے ہمراہ موجود تھے۔رابطہ کرنے پر ایم این اے ڈاکٹر مہیش ملانی کے پرسنل پی اے سراج سومرو نے کہا کہ ہم نے تھر کول بلاک ون کی انتظامیہ سے مختلف مسائل پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔ انہوں نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ تلوایو، وروائی، گوڑانو ڈیم، تھرکوک پراجیکٹ میں کام کرنے والے مقامی مزدوروں کے تمام مسائل جلد حل کیے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تھر کول بلاک ون سے نکالے گئے مزدور جو ابھی تک بحال نہیں ہوئے تھے انہیں بھی جلد بحال کر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ تھر کول بلاک ون کے ملازمین نے اپنے جائز مسائل کے حل کے لیے چند روز سے ہڑتال بھی کی تھی تاہم انہیں نوکریوں سے فارغ کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button