کراچی گرین لائن کامن کوریڈور آئندہ سال چلے گی، میئر کراچی مرتضی وہاب

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ گرین لائن کامن کوریڈور کا افتتاح آئندہ سال 2026 میں اکتوبر کے دوران کیا جائے گا، جس کی تعمیر کے دوران عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی میں میدیا سے گفتگو کے دوران میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گرین لائن کے باعث عوام کو مشکلات درپیش رہیں، تاہم تعمیراتی کام کی تکمیل کے بعد عوام کو سہولت میسر آئے گی۔ حکومت گرین لائن کامن کوریڈور 31اکتوبر 2026 تک کھول دے گی۔
گفتگو کے دوران میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ منصوبے کے آغاز کے وقت کے ایم سی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، تاہم تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے کام مشترکہ طور پر جاری ہے۔ ہم نے وفاقی حکومت سے منصوبے کی ٹائم لائن کی بات کی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حکومت نے ریڈ لائن منصوبے کے مسائل بھی حل کردئیے، آئندہ چند ہی روز میں اس پر باضابطہ کارروائی شروع ہوجائے گی۔
دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما امین الحق کا کہنا تھا کہ میئر کراچی نے سڑکوں کی خرابی اور ڈرینیج کے مسائل کی نشاندہی کی تھی، جس پر انہوں نے پی آئی ڈی سی ایل سے بات کی، مرتضیٰ وہاب کے تحفظات ٹھیک تھے، کراچی ترقی کرے گا تو سندھ اور پاکستان کی بھی ترقی ہوگی۔



