ریلوے ملازمین نے ایمانداری اور فرض شناسی کی مثال قائم کر دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ریلوے کے ملازمین نے ایمانداری اور فرض شناسی کی بہترین مثال قائم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق 22 نومبر 2025 کو ایک مسافر نے ٹکٹ خریدتے وقت 40 ہزار روپے زائد ادائیگی کر دی تھی، جس کا فوراً ریلوے عملے نے نوٹس لیا اور مسافر کو اضافی رقم واپس کر دی۔
وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس شاندار کارکردگی پر عملے کی تعریف کی اور نقد انعام اور تعریفی سرٹیفیکیٹ دینے کی ہدایت کی۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ اہلکار پاکستان ریلویز کا فخر ہیں اور ان کی ذمہ داری، ایمانداری اور مسافروں کے لیے عزم دیگر عملے کے لیے قابل تقلید ہے۔
وزیر ریلوے کے اعلان کے مطابق آج سی ای او ریلویز عامر علی بلوچ نے ٹرین مینیجر منصور اور ایس ٹی اعجاز کو نقد انعام اور تعریفی اسناد پیش کیں۔ اس موقع پر اہلکاروں کی فرض شناسی اور دیانت کو سراہا گیا اور کہا گیا کہ اس طرح کی خدمات ادارے کے معیار کو بلند کرنے اور عوامی اعتماد کو مستحکم کرنے میں مددگار ہیں۔
پاکستان ریلویز انتظامیہ اس بات پر فخر کرتی ہے کہ اس کے اہلکار نہ صرف اپنے فرائض میں ایماندار ہیں بلکہ مسافروں کے حقوق اور مالی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھی بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔



