کیڈٹ کالج سانگھڑ:آل پاکستان ذو لسانی مقابلہ تقاریر کا انعقاد

سانگھڑ(جانوڈاٹ پی کے)ساتواں آل پاکستان ذو لسانی مقابلہ تقاریر 22 نومبر 2025ء کو کیڈٹ کالج سانگھڑ میں منعقد ہوا۔ اس تقریب میں ملکی ٹیلنٹ کے ساتھ ساتھ مقامی ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سیشنز کا اہتمام کیا گیا ۔ جن میں اسکول ،کالج اور یونیورسٹی کیٹگری شامل تھے ۔مقامی ٹیلنٹ کو موثر انداز میں سننے کے لیے اسکول کیٹگری سیشن اعلیحدہ رکھا گیا جس میں میر پور خاص ،سانگھڑ ،شہداد پور اور شہید بے نظیر آباد کے 09 اسکولز شامل تھے۔ کالج کیٹگری اور یونیورسٹی کیٹگری میں ملک بھر سے 33مشہور ومعروف تعلیمی اداروں کے 66بہترین مقررین نے شرکت کی۔ مقررین نے سنجیدہ اور مزاحیہ موضوعات پر متاثرکن تقاریر کیں ۔ پاکستان کے معروف اداروں سے تعلق رکھنے والے پروفیسرز اور علمی و ادبی شخصیات نے ججز کے فرائض سر انجام دیے ۔ اس تقریب میں تعلیمی اداروں کے سربراہان اور اعلیٰ سول حکام نے بھی شرکت کی ۔
اس شاندار تقریب کے مہمان خصوصی سید ناصر حسین شاھ منسٹر لوکل گور نمنٹ اینڈ ہاوسنگ ٹاؤن پلینگ ڈپار ٹمنٹ ،گورنمنٹ آف سندھ تھے ۔ان کے ساتھ سینیٹر قرۃ العین مری اور نواب زادہ جام شبیر علی خان نے بھی شرکت کی ۔مہمان خصوصی نے سامعین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے اللہ تعالی کی نعمت ہے ۔ہمیں اپنی تقاریر میں وطن کے مثبت پہلؤں کو زیادہ اجاگر کرنا چاہیے۔ مزید انہوں نے نمایاں کار کردگی دکھانے والے مقررین کو مبارک باد پیش کی اور مقابلے کےکامیاب انعقاد پر کیڈٹ کالج سانگھڑ کی کاوشوں کو سراہا۔
قبل ازیں ،کمانڈنٹ / پرنسپل کیڈٹ کالج سانگھڑ ، کموڈور ذیشان علی ستارہ امتیاز (ملٹری) نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی اور پورے ملک سے آنے والے معزز مہمانوں اور تقریری مقابلہ میں شامل ہونے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔اور فن خطابت کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔
ساتویں آل پاکستان ذو لسانی مقابلہ تقاریر انگریزی مقابلہ تقاریر اسکول کیٹگری میں بحریہ فاؤنڈیشن کالج سانگھڑ نے پہلی پوزیشن ،حیات اسکول HM) (کیمپس حیدر آباد نے دوسری جب کہ تیسری پوزیشن میمن اسکول اینڈ کالج شہداد پور نے حاصل کی ۔اسکول کیٹگری اردو مقابلہ تقاریر میں میمن اسکول اینڈ کالج شہداد پور نے پہلی پوزیشن ،کیڈٹ کالج اورماڑہ نے دوسر ی جب کہ تیسری پوزیشن کیڈٹ کالج لاڑکانہ نے حاصل کی۔ انگریزی مقابلہ تقاریر کالج کیٹگری میں کیڈٹ کالج اورماڑہ نے پہلی کیڈٹ کالج پٹارو نے دوسری جب کہ کیڈٹ کالج لاڑکانہ نےتیسری پوزیشن حاصل کی۔ اردو مقابلہ تقاریر کالج کیٹگری میں حیات اسکول اینڈ کالج مین کیمپس حیدر آباد نے پہلی ،گورمنٹ ڈگری کالج ملیر کینٹ کراچی نے دوسری جب کہ بختاور کیڈٹ کالج نے تیسر ی پوزیشن حاصل کی ۔انگریزی مقابلہ تقاریر یونیورسٹی کیٹگری میں پہلی پوزیشن بحریہ یونیورسٹی نے ،دوسری پوزیشن گورمنٹ کالج یونیورسٹی نے ،جب کہ تیسری پوزیشن بحریہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس نے حاصل کی۔ اردو مقابلہ تقاریر یونیورسٹی کیٹگری میں یونیورسٹی آف کراچی نے پہلی ،پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج(PNEC) کراچی نے دوسری جب کہ پاکستان میرین اکیڈمی نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔
تقریب کے دوران دلکش ثقافتی ٹیبلوز بھی پیش کیے گئے ۔ شرکاء اور مہمانوں نے رائیڈنگ کلب ، شوٹنگ رینج، فیض محل آرٹ گیلری ، سوئمنگ پول ، کالج کے باغات اور دیگر مقامات کا وزٹ کیا ۔اس کے ساتھ بگھی کی سواری اور کالج ڈیری فارم پر تازہ چائے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس سے مہمان بہت لطف اندوز ہوئے ۔شرکاء نے دوران قیام میزبانی پر کالج انتظامیہ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔



