ہری پور میں شہرناز عمر ایوب 25 ہزار ووٹوں کی برتری سے آگے ہیں، اسد قیصرکا دعویٰ

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ ہری پور سےفارم 45 کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار تقریباً25 ہزار ووٹوں کی برتری سے آگے ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ افسوسناک ہے الیکشن کمیشن کا عملہ سرکاری ویب سائٹ پر غلط نتائج اپ لوڈ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر الیکشن کمیشن کا سیاہ چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے، الیکشن کمیشن انتظامی اور عملی سطح پر مکمل ناکام ہو چکا ہے۔
اسد قیصر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پورا انتخابی عمل مذاق بن چکا ہے، بہترہوتاکہ الیکشن کرانےکےبجائے براہِ راست کوئی نوٹیفکیشن جاری کر دیا جاتا۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی این اے 18 ہری پور میں پی ٹی آئی امیدوار کی برتری کا دعویٰ کیا تھا۔
یاد رہے کہ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 18 ہری پور میں مسلم ليگ ن کے بابر نواز خان کو پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب پر برتری حاصل ہے۔



