قومی و صوبائی اسمبلی کے 13 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا آغاز
صبح کے وقت ٹرن آوٹ بہت کم دیکھا جارہاہے تاہم اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، صبح کے وقت ٹرن آوٹ بہت کم دیکھا جارہاہے تاہم اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شروع ہوگیا جو کہ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک رہے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، 2792 پولنگ سٹیشنز میں سے 408 انتہائی حساس اور 1032 حساس قرار دیئے گئے ہیں، 2۔ ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی کیلئے تعینات کیے گئے ہیں، عوام الناس بلا خوف و خطر پولنگ سٹیشنز پر ووٹ ڈالیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں
این اے 18 ہری پور
این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخاب میں 9 امیدوار میدان میں ہیں، پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز، ن لیگ کے بابر نواز خان اور پیپلز پارٹی کی ارم فاطمہ کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے، یہ نشست پی ٹی آئی کےعمر ایوب کی 9 مئی کیس میں سزا اور نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔
این اے 96 فیصل آباد
این اے96 کے انتخابی معرکے میں مسلم لیگ، پیپلزپارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت 16 امیدوار مدمقابل ہیں، حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 72 ہزار 133 جبکہ خواتین ووٹرز2 لاکھ 72 ہزار 991 ہے۔
این اے 104 فیصل آباد
این اے 104 میں ن لیگ کے راجہ دانیال اور آزاد امیدوار رانا عدنان جاوید سمیت پانچ امیدوار میدان میں ہیں، قومی اسمبلی کے حلقے میں کل 5 لاکھ 57 ہزار 637 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
این اے 129 لاہور
قومی اسمبمسلم لیگ ن کے حافظ محمد نعمان، آزاد امیدوار بجاش خان نیازی اور ارسلان احمد کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے، حلقے میں مجموعی طور پر 3 سو 34 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گے ہیں جبکہ 70 پولنگ سٹیشنز مرد و خواتین کے مشترکہ ہوں گے، این اے 129 کی نشست میاں اظہر کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔
این اے 143 ساہیوال
این اے 143 پنجاب کے شہر ساہیوال کا تیسرا بڑا حلقہ ہے اِس میں بھی مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ے، حلقے میں رجسٹر ووٹرز کی تعداد 584,698 ہے۔
این اے 185 ڈیرہ غازی خان
این اے 185 میں مسلم لیگ ن کے مقابلے میں پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار میدان میں اُتارا ہے اس حلقے میں مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی اور جےیوآئی کے امیدواروں کے درمیان زبردست مقابلہ متوقع ہے۔اس حلقے میں 8 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے محمود قادر لغاری اور پیپلز پارٹی کے سردار دوست محمد کھوسہ کے مابین کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ پنجاب کے حلقہ این اے 66 وزیر آباد میں انتخابی نشان الاٹ ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کے امیدوار کے مقابلے میں پیپلز پارٹی سمیت دیگر تمام امیدواروں کی دستبرداری کے اعلان کے بعد بلال فاروق تارڑ بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے 7حلقوں میں ضمنی الیکشن ہورہاہے۔ PP-73 سرگودھا ، PP-87 میانوالی ، PP-98 فیصل آباد، PP-115 فیصل آباد ، PP-116 فیصل آباد، PP-203 ساہیوال ، PP-269 مظفر گڑھ شامل ہیں
پنجاب کے قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے، سکیورٹی پر 20 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ ووٹرز کو حق رائے دہی کیلئے پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کریں گے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144 اسلحہ پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 2 ہزار 792 پولنگ سٹیشنز میں سے 408 انتہائی حساس، ایک ہزار 32 حساس قرار دیے گئے ہیں، انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے جس کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔
ادھر ہری پور کے حلقہ این اے 18 میں ضمنی الیکشن کے باعث ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم خان نے دفعہ 144 نافذ کر دی جہاں اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی۔



