ٹرائی نیشن سیریز:پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے)ٹرائی نیشن ٹی 20 سیریز میں پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا جانے والا 129 رنز کا ہدف باآسانی 15.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 80 رنز کی اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، صائم ایوب 20 اور بابر اعظم 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سلمان علی آغا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
سری لنکا کی جانب سے دشمنتھا چمیرا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، دسن شناکا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 129 رنز کا ہدف دیا تھا۔
جانتھ لیانا نے 41 رنز بنائے، کوشال پریرا 25 رنز بنا کر نمایاں رہے، کامل مشہارا 22 اور پتھم نسانکا 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی، پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔
شاہین آفریدی پاؤں کی انجری کا شکار ہوکر میچ سے باہر ہوگئے ان کی جگہ سلمان مرزا کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کی سری لنکا کے خلاف میچ میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔
واضح رہے کہ ٹرائی نیشن سیریز میں پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ آج سری لنکا کے خلاف کھیلے گی، پاکستان نے پہلے میچ میں زمبابوے کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔
پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹی 20 سیریز ورلڈ کپ سے قبل تیاریوں کا حصہ ہے۔



